کپل شرما نے اکشے کمار کو ناراض کر دیا

کپل شرما نے اکشے کمار کو ناراض کر دیا

ممبئی: معروف کامیڈین کپل شرما نے بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کو ناراض کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کپل شرما کو اپنی آنے والی فلم ”فرنگی“ کی تشہیر کے لیے اکشے کمار کے شو ”گریٹ انڈین لافٹر چیلنج“ میں پہنچنا تھا تاہم وہ اکشے کمار کو طویل انتظار کروا کر بھی شو کے سیٹ پر نہ پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق کپل شرما کو اپنی فلم ’فرنگی‘ کی تشہیر کے لیے اکشے کمار کے شو پر صبح 11 بجے پہنچنا تھا اور اکشے سمیت پوری ٹیم 10 بجے ہی پہنچ چکی تھی لیکن کپل شرما 3 گھنٹے کے طویل انتظار کے بعد بھی سیٹ پر نہیں پہنچے۔کپل کی ٹیم ان سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کرتی رہی لیکن ان کا فون بند تھا جس پر اکشے کمار کو طویل انتظار کے بعد کپل کے بغیر ہی شو کی شوٹنگ شروع کرنی پڑی۔
کامیڈین کپل شرما کی ٹیم نے کپل کے شو میں شرکت نہ کرنے کی وجہ خراب طبیعت کو قرار دیا ہے جب کہ شو کے جج ساجد خان نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کپل کی خراب طبیعت کا سنا ہے اور ان کے ساتھ شو کی شوٹنگ نہ ہونے کا دکھ ہے۔ دو روز قبل ہی کپل شرما سلمان خان کے ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیٹ پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنی فلم کی جم کر تشہیر کی تھی۔یاد رہے کہ فلم ’فرنگی‘ کامیڈین کپل شرما کے کیریئر کی دوسری فلم ہے جو 24 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔