زمبابوے، فوج نے صدر موگابے کو نظر بند کر دیا

زمبابوے، فوج نے صدر موگابے کو نظر بند کر دیا

ہرارے:زمبابوے کی فوج نے صدر رابرٹ موگابے اور ان کی اہلیہ کو ان کے گھر پر نظر بند کر دیا ہے اور بعض اطلاعات کے مطابق انھیں حراست میں لے لیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق فوج دارالحکومت ہرارے کی شاہراہوں پر گشت کررہی ہےانکے مطابق  سرکاری دفاتر کو محفوظ بنایا جارہا ہے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ فوج نے رات سرکاری ٹیلی ویژن کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔اس کے بعد ملک میں فوجی بغاوت کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں لیکن فوج کے حامیوں نے اس کے اقدام کی تعریف کی ہے اور اس کو ’’خونریزی کے بغیر درستی‘‘ قرار دیا ہے۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہرارے میں تین دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔

اس سے پہلے آرمی چیف کی بر طرف نائب صدر کی حمایت میں دھمکی آمیز بیان کے بعد چار ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں شہر کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھی گئی تھیں۔ زمبابوے میں غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر شہریوں نے بنکوں سے اپنی رقوم نکلوانا شروع کردی ہیں اور بنکوں میں صارفین کی لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں۔