بھارتی ریاست گجرات میں پھرسے مسلمانوں کیخلاف مہم کی تیاریاں

بھارتی ریاست گجرات میں پھرسے مسلمانوں کیخلاف مہم کی تیاریاں

احمد آباد:بھارتی ریاست گجرات کے کچھ علاقوں میں مسلمانوں کے گھروں پر ایکس یا کراس کے نشان والے پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جس کے بعد اقلیتوں میں خو ف و ہراس پھیل گیا ہے اور کشیدگی بڑھتی ہی چلی جارہی ہے
تفصیلات کے مطابق ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات میں ایک بار پھر فرقہ وارانہ کشیدگی کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کی سازش کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ریاستی دارالحکومت احمد آباد کے کچھ علاقوں میں مسلمانوں کے گھروں پر ایکس یا کراس کے نشان والے پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں جس کے بعد اقلیتوں میں خو ف و ہراس پھیل گیا ہے اور کشیدگی بڑھتی ہی چلی جارہی ہے۔
یہی نہیں بلکہ مسلمانوں نے ان پوسٹروں کے متعلق ضلع انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے۔ حکمراں جماعت بی جے پی کا کہنا ہے کہ گجرات میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی یہ سازش ہے جبکہ الیکشن کو فرقہ وارانہ خطوط پر جیتنے کیلئے بی جے پی پر بھی اسی طرح کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
مسلمانوں کے گھروں پر لگائے گئے نشانات پر سیاست بھی تیز کردی گئی ہے حالانکہ ضلع انتظامیہ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور احمد آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بھی مسلمانوں کے گھروںکو ہدف بنانے کی کارروائی کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ بی جے پی نے کانگریس پر الزام لگایا ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی شبیہ کو گجراتی عوام میں خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ کانگریس نے بھی جوابی حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی جن ریاستوں میں انتخابی کامیابی حاصل کرنے میں پریشانی محسوس کرتی ہے تو وہاں روایت کے مطابق رائے دہندگان کو فرقہ وارانہ درجہ بندی میں تقسیم کر دیتی ہے۔