آفریدی کشمیریوں کے جذبات سے نہ کھیلیں،راجہ فاروق حیدر

آفریدی کشمیریوں کے جذبات سے نہ کھیلیں،راجہ فاروق حیدر
کیپشن: فائل فوٹو

مظفرآباد: خواجہ آصف کے بعد آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے بھی شاہد آفریدی کے کشمیر سے متعلق بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے شاہد آفریدی کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنی ہے، اسی لیے انہوں نے ایسی باتیں کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر حساس معاملہ ہے،آفریدی کشمیریوں کے جذبات سے نہ کھیلیں، کشمیر کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کھلاڑیوں کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔بھارت کے انتخابات قریب ہیں، اس لیے وہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ اقوام عالم بھارتی مظالم سے آگاہ ہیں اور انہیں اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔


خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے لندن میں ایک تقریب میں گفتگو کے دوران کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کو نہ دیں، بھارت کو بھی نہ دیں، کشمیر ان کا اپنا رہنے دیں، کشمیر کوئی ایشو نہیں ہے دنیا نے اس کو ایشو بنایا ہوا ہے۔