حکومتی صفوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ،نیب عمران خان کا بغل بچہ ہے:حمزہ شہباز

حکومتی صفوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ،نیب عمران خان کا بغل بچہ ہے:حمزہ شہباز
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی صفوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں، ن لیگ پوری طرح میاں نواز اور میاں شہباز کی قیادت میں متحد ہے، وقت دور نہیں جب عوام خود ہی جھوٹے لوگوں کو ایوانوں سے باہر پھینک دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے آمریت کا دور دیکھا ہے اور جعلی دور دیکھ رہے ہیں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مشرف دور میں بھی ہمارا 10 سال احتساب ہوتا رہا ہے، احتساب کے حق میں ہیں لیکن اس کے پیچھے نیازی صاحب کا انتقام چھپا ہوا ہے۔


حمزہ شہباز نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نیب زدہ لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، عمران نیازی خود بھی مسٹر کلین نہیں، نیب عمران خان کا بغل بچہ ہے اور اب سپریم کورٹ بھی اس پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکی ہے۔


وزیراعظم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا یہ لوگ بار بار 50 چوروں کو جیل میں ڈالنے کا ذکر کرتے ہیں، کیا یہ دھونس اور الزامات سے اپنی نااہلی چھپا سکیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پوری کوشش ہو گی کی سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں، ن لیگ پوری طرح میاں نواز اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز کی صدارت میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا۔

حمزہ شہباز کہنا تھا کہ پوری کوشش ہو گی کی سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں، تمام اراکین مقررہ وقت پر اسمبلی میں پہنچیں، بہت سارے حکومتی اراکین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی صفوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں، ن لیگ پوری طرح میاں نواز اور میاں شہباز کی قیادت میں متحد ہے، وقت دور نہیں جب عوام خود ہی جھوٹے لوگوں کو ایوانوں سے باہر پھینک دیں گے۔


حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر آپ لوگ متحد رہے تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، اپنے اپنے گروپس کے لیڈر سے سینیٹ ووٹ کے متعلق رہنمائی حاصل کریں۔


انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ناکامیاں جلد کھل کر سامنے آجائیں گی، دھاندلی زدہ حکومت کو عوام نے اب تک قبول نہیں کیا۔