افغان حکام نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا

 افغان حکام نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا

اسلام آباد: افغان حکام نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا جس کے بعد پولیس ٹیم میت لے کر لنڈی کوتل روانہ ہوگئی۔ 


تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا کے آفسر طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لیے افغانستان کے شہر جلال آباد سے طورخم بارڈر لایا گیا جہاں جسد خاکی وصول کرنے کے لیے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور صوبائی ترجمان اجمل وزیر موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر افغان حکام نے ایس پی طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کو دینے سے انکار کردیا تھا تاہم حکومتی وفد کی جانب سے افغان حکام سے مذاکرات کے بعد طاہر خان کی میت پاکستان کے حوالے کی گئی جسے پولیس ٹیم لے کر لنڈی کوتل روانہ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شہید طاہر داوڑ کی نماز جنازہ اور تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔