سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ ن کو شکست, پی ٹی آئی کامیاب

سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ ن کو شکست, پی ٹی آئی کامیاب
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور :پنجاب اسمبلی  میں سینیٹ کی 2 نشستوں پر الیکشن آج ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ن لیگ کے امیدوار آمنے سامنے ہوئے، مسلم لیگ ن کے سعود مجید کا تحریک انصاف کے ولید اقبال سے مقابلہ ہوا جبکہ خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی سیمی ایزدی اور ن لیگ کی سائرہ افضل کے درمیان مقابلہ ہوا۔

یہ دونوں نشستیں مسلم لیگ ن کے ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔ پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں 369 اراکین حق رائے دہی استعمال کیا۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے تاحال حلف نہیں اٹھایا اس لیے وہ ووٹ نہیں ڈال سکے۔

پولنگ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 173 ووٹ کاسٹ کیے جن میں مسلم لیگ (ن) کے 166 اور پیپلزپارٹی کے 7 ووٹ کاسٹ ہوئے۔حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 179 اور اتحادی (ق) لیگ کے 10 ووٹ کاسٹ ہوئے۔مسلم لیگ ن کے سہیل شوکت بٹ اور پی ٹی آئی کے اویس دریشک بیرون ملک ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کرسکے۔


غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ولید اقبال اور سیمی آ زیدی سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہوگئے۔پی ٹی آئی کی سیمی ایزدی کو 183،ولید اقبال کو 184 ووٹ پڑے۔


 خیال رہے کہ سینیٹ کی 2 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آمنے سامنے تھے۔