میرے بارے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی رولنگ پر کابینہ مطمئن نہیں ، فواد چوہدری

میرے بارے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی رولنگ پر کابینہ مطمئن نہیں ، فواد چوہدری
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 29 نومبر کو 100 روزہ پلان کے بارے میں قوم کو آگاہ کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو ہم نے 100 دن میں کیا ہے، کوئی اور حکومت اس کے قریب بھی نہیں پہنچ پائی۔میڈیا کے واجبات کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وفاق کے ذمہ میڈیا کے تقریباً 23 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے میڈیا اداروں کو فوری ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ میڈیا مالکان عام ورکرز کا خیال کریں، یہ نہیں ہو سکتا کہ میڈیا مالکان اس بات پر انحصار کریں کہ حکومت انہیں پیسے دے تو وہ اپنے ادارے چلائیں، میڈیا مالکان کو اپنے اداروں کو چلانے کے لیے کوئی بزنس ماڈل بنانا ہو گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مشاہد اللہ خان نے جس طرح سے وزیراعظم اور میرے حوالے سے بری زبان استعمال کی اس پر تو معافی نہیں ہونی چاہیے لیکن اگر ہم غریب عوام کے پیسے کے بارے میں بات کریں تو ہمیں معافی کا کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے بارے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی رولنگ پر کابینہ مطمئن نہیں ہے، پوری کابینہ نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ میں منتخب ہو کر آیا ہوں اور مجھے لاکھوں لوگوں نے ووٹ دیے ہیں جب کہ چیئرمین سینیٹ عوامی نمائندے نہیں بلکہ انہیں براہ راست منتخب کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر چیئرمین سینیٹ ایوان میں توازن نہیں لا سکتے تو پھر حکومت کو بھی سوچنا پڑے گا کہ ہماری اس سلسلے میں کیا حکمت عملی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پرویز خٹک کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اس معاملے کو دیکھے گی، ورنہ اس طرح سے معاملات نہیں چل سکتے۔