کوئی پبلک آفس ہولڈر انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا،اسد عمر،مراد سعید

No public office holder can campaign, Asad Umar, Murad Saeed
کیپشن: فائل فوٹو:اسد عمر،مراد سعید

اسلام آباد:گلگت بلتستان کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کوئی پبلک آفس ہولڈر انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا، بلاول بھٹو خود پبلک آفس ہولڈر اور ایم این اے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے اور اسی حوالے سے حکومتی اور اپوزیشن نے بھی میدان گرم کررکھا ہے ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو 2009 میں دوتہائی اکثریت ملی تھی، پچھلے الیکشن میں مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت لے کر بیٹھ گئی ، نظریاتی سیاست کا زمانہ گزرچکا ہے اوراب ووٹر کہتا ہے میرا کام کون کرکے دے گا۔


وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ووٹرز کا مقصد یہ ہے زندگی کے مسائل کون حل کرے گا، سینیٹ کیلئے ہم نے بلوچستان کےا تحادی کو ووٹ ڈالا تھا،2 سیاسی جماعتوں کا آپس میں اتحاد ہونا الگ چیز ہے ۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اس موقع پر کہا کہ دھاندلی نہیں ہو رہی ،ان کے 10 سالہ کرتوت شکست کا باعث بن رہے ہیں،جی بی کے عوام کا بنیادی مطالبہ آئینی حقوق اور صوبہ ہے،کارکردگی نہ دکھانے والی دونوں جماعتیں اپنی شکست سے خوفزدہ ہیں ۔


مراد سعید نے مزید کہا کہ جی بی میں ایم ڈبلیوایم کے2امیدوار پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں،پی ٹی آئی انشااللہ جی بی میں تہائی سے کامیاب ہو گی ،عمران خان جی بی میں ہوتے توپورے جی بی سے جیت جاتے ،وزیراعظم عمران خان نے جی بی کا گندم کا کوٹہ بحال کیا جبکہ جی بی کے عوام مسائل کاحل ،ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن رولزہیں کوئی بھی ایم این اے انتخابی مہم نہیں چلا سکتا ،بلاول بھٹو خودپبلک آفس ہولڈر ہیں جبکہ کوئی پبلک آفس ہولڈر انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا ۔