آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ ، بابراعظم کیلئے شاندار اعزاز، بھارت کو زوردار جھٹکا

آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ ، بابراعظم کیلئے شاندار اعزاز، بھارت کو زوردار جھٹکا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے سپرد کی گئی ہے جبکہ 12 رکنی ٹیم میں کوئی بھارتی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ 
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم کا کپتان بابراعظم کو بنائے جانے کیساتھ ساتھ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو بھی باؤلنگ لائن کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ 12 رکنی سکواڈ میں 2 پاکستانی، 3 آسٹریلین، 2 سری لنکن، 2 جنوبی افریقی، 2 انگلش اور ایک کیوی کھلاڑی شامل ہے۔
آئی سی سی کے پانچ رکنی پینل نے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا انتخاب کیا اور ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ آئی سی سی کے کسی ایونٹ کے بعد اعلان کردہ ٹیم میں کوئی بھارتی کھلاڑی شامل نہ ہو۔ اس کی ایک وجہ بھارتی ٹیم کی ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی بھی ہے جسے ایونٹ میں آغاز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔ 
آئی سی سی کے مطابق بابراعظم کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، انگلینڈ کے جوز بٹلر، سری لنکا کے چیرتھ اسالانکا، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم، انگلینڈ کے معین علی، سری لنکا کے وانیندو ہسارانگا، آسٹریلیا کے ایڈم زامپا، آسٹریلیا ہی کے جوش ہیزل ووڈ، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ، جنوبی افریقہ کے اینرک نورجے اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ 
پاکستان کی جانب سے ٹورنامنٹ میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں جگہ نہیں بنا سکے کیونکہ جوز بٹلر ، ڈیوڈ وارنر اور بابراعظم بطور اوپنر سکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔