پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہبازشریف کے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہبازشریف کے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے  پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوسے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن رہنما شہباز شریف  اور بلاول بھٹو نے ٹیلی فونک گفتگو میں  پارلیمانی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر دونوں لیڈروں نے  پارلیمان کے مشترکہ اجلاس اور اپوزیشن کے لائحہ عمل پر  بات چیت کی ۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان  سے حکومتی پالیسیوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان وہ فورم ہے کہ جہاں عوامی نمائندگان عوام کا مقدمہ لڑتے ہیں اور مشترکہ لائحہ عمل  سے  پارلیمان کے محاذ پر حکومت کو کئی بار شکست سے دوچار کرچکے ہیں ۔
یاد رہے کہ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے  مولانا فضل الرحمان،آفتاب شیر پاؤ،سردار اخترمینگل ،سراج الحق، امیر حیدر ہوتی، ڈاکٹر عبدالمالک، شفیق ترین، محسن داوڑ سے  بھی ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ملک میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی ہے ۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا 
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اور عوامی مفاد میں بے مثال اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اصولی موقف نے حکومت کو پسپائی پر مجبور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بدنیتی اور کالے قوانین کے خلاف اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت سے بروئے کار آئے گا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا۔