کرم ایجنسی میں بم حملہ، کیپٹن سمیت چارا ہلکار شہید

کرم ایجنسی میں بم حملہ، کیپٹن سمیت چارا ہلکار شہید

پشاور:تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کرم ایجنسی میں بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک کیپٹن اور چار سیکیورٹی اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے خرلاچی میں سرچ آپریشن کے دوران پہلے سے نصب بارودی مواد کے پھٹنے سے فوجی افسر سمیت 4 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اور زخمی ہونے والے اہلکار کرم ایجنسی سے غیر ملکیوں کی بازیابی کے بعد وہاں اغوا کاروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن ٹیم کا حصہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید فوجی جوانوں میں کیپٹن حسنین، سپاہی سعید باز، سپاہی قادر اور سپاہی جمعہ خان جب کہ زخمیوں میں نائیک انور ، سپاہی ظاہر اور لانس نائیک شیر افضل شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پاک فوج نے امریکی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کرم ایجنسی میں کامیاب آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا تھا۔
دوسری جانب پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے افغان پولیس چیک پوسٹ کھیوڑہ سے 100 میٹر کے فاصلے پر ہوئے جب کہ دھماکوں کے بعد پاک افغان خرلاچی سرحد بند کردی گئی ہے۔

پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔