ہاں میں فوج کے ساتھ کھڑاہوں ، نواز شریف ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں عمران خان

ہاں میں فوج کے ساتھ کھڑاہوں ، نواز شریف ملک میں انارکی پھیلا رہے ہیں عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے بڑے بدعنوانوں کے احتساب کو یقینی بنانے کے لئے ملک گیرفیصلہ کن احتجاجی تحریک کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنان تیار رہیں آنے والے دنوں میںلاسٹاسٹریٹ موومنٹ چلانی پڑے گی، اب تو ہمارے کارکنوں کولاٹھی چارج آنسوگیس کا سامنا کرنے کا اور دیگر جماعتوں کے مقابلے میں زیادہ تجربہ ہوچکا ہے.

انھوںنے واضح کیا ہے کہ احتساب میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تواتنی مخلوق کو اسلام آباد لے کر آئوں گاکہ کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ہوگی ۔ کرپٹ اشرافیہ ہی پاکستان کا المیہ ہے نیب کورٹ کے باہر ہنگامے کا مقصد شریف خاندان کو منی لانڈرنگ کی سزا سے بچانا ہے معلوم یہ سزاہوگئی تو بیرون ملک تین سو ارب روپے منجمد ہوجائیں گے .

جمہوریت اسی دن ڈی ریل ہونا شروع ہوگئی تھی جب سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا گیا تھا صیح کام کرنے کی وجہ سے میں فوج کے ساتھ کھڑاہوں ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے اتوار کو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سنٹر ورکرز سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا اور وقفہ وفقہ سے حکومت کے خلاف نعرہ بازی ہوتی رہی ۔

عمران خان نے کہا کہ قیام پاکستان کے اصل مقاصد کیلئے کام کرنا ہے ۔ بانی پاکستان کی سیاست میرٹ اورانصاف تھا۔نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں کا کاروبار میں ساتھ دینے والوں کی دولت کو دیکھا جائے تو وہ ان سے کہیں پیچھے رہ گئے ہیں ۔ شریف خاندان کے پاس دولت کے ڈھیر اس لیے ہیں کہ اقتدار میں آکر اس خاندان نے اختیار کو پیسہ کمانے کیلئے استعمال کیا ۔

شریف خاندان کی سیاست میں آمد اور اس سے قبل اثاثوں کی چھان بین کی جائے سب پتہ چل جائے گا۔ یہ عوام کا خدمت کا دھوکہ دے کر حکومتیں بناتے رہے خاندان کی حکمرانی اور دولت کیلئے اقتدار حاصل کیا اور اوپر جاتے رہے ۔ قائد اعظم کی سیاست ہی سے پاکستان کو بچا سکتے ہیں ۔ ن لیگ کے حکمرانوں نے پاکستان میں نئی سیاسی سوچ کو فروغ نہیں پانے دیا ملک پاکستان گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے.

کمیشن بنانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ گیس درآمد کی جائے ۔ چار سال ضائع کردیئے مگر تیل کے کنوں تلاش نہ کرسکے ۔ پاکستان تحریک انصا ف کے چیئرمین نے واضح کیا کہ شریف خاندان نے پیسے بنانا شروع کردیئے ۔ حکومت کو اپنی ذات کیلئے استعمال کیا یہی وجہ ہے کہ پاکستان ترقی نہ کرسکا اور معاشرے میں تعلیم و صحت کی سہولتوں کا فقدان ہے ۔

تعلیم و صحت کیلئے حکمرانوں نے کچھ کیا نہ انسانی وسائل کی ترقی کا کوئی خیال انہیں آیا ۔ پاکستان کو وسیع سوچ رکھنے والا لیڈر ہی بچا سکتا ہے ۔ بھاری قرضوں کا جواب دہ کون ہے ۔ موجودہ حکمرانوں نے قرضوں کا بوجھ لادھ دیا ہے اس طرح ملک مستحکم نہیں ہوتے ۔ پاکستان میں ایک سے بڑھ کر ایک غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے افراد ہیں ۔

بیرون ملک پاکستانی ہر شعبے میں مہارت رکھتے ہیں اور وہ پاکستان کو طاقتور ترقی یافتہ ملک بنا سکتے ہیں ہر قسم کا عالمی معیار کا ادارہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر ایسے لوگوں کی جان بوجھ کر حوصلہ افزائی نہیں کی گئی ۔ دنیا میں سب سے زیادہ پڑھے لکھے مسلمان ہیں عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری نے پاکستان میں منصفانہ سسٹم نہیں آنے دیا ہم پاکستان تحریک انصاف کے نئے خدوخال وضح کررہے ہیں ۔

نظام سے ظلم وناانصافی کو ختم کرنا ہے اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے ۔ اسی طرح پاکستان کے نظام کو مضبوط کرسکتے ہیں ۔ شریف خاندان اس طرح عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں جیسے کشمیر فتح کرکے آئے ہیں ۔ ان کو پروٹوکول کیوں دیا جاتا ہے ۔ عام ملزمان کی طرح کیوں نہیں پیش ہوتے ۔ پاکستان عظیم ملک بن سکتا ہے اگر اس میں میرٹ اور انصاف کو فروخت دیا جائے ۔300ارب روپے کی کرپشن کے بعد بھی خود کو مظلوم پیش کررہے ہیں ۔

کرپٹ اشرافیہ ہی پاکستان کا المیہ ہے ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ۔اس لیے نیب کورٹ کے باہر ہنگامہ ہوا یہ سپریم کورٹ اور فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ شریف خاندان منی لانڈرنگ کی سزا سے بچ سکے ۔ کیونکہ انہیں معلوم یہ سزا مل گئی تو باہر پڑے ہوئے تین سو ارب روپے منجمد ہوجائیں گے ۔

شریف خاندان یہی چاہتا ہے کہ جمہوریت جاتی ہے تو جائے ان کا پیسہ بچ جائے ۔ ساری کوشش یہی ہے کہ یہ کرپشن کی سز اسے بچ جائیں جمہوریت اسی دن ڈی ریل ہونا شروع ہوگئی تھی جب انہوںنے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا جو حکومت وزراء اور وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہ مانیں تو نظام تو ختم ہوگیا اور قیاس آگیا ہے اور بنانا ریاست بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

اگر شریف خاندان عدالتی فیصلوں کو تسلیم نہیں کریں گے تو جیل کے قیدیوں کو کیا ضرورت ہے ریاست شریف خاندان کو بچا رہی ہے خود ہی قیاس پیدا کردیا ہے ان کو جسٹس قیوم جیسے ججز کی عادت ہے فون اٹھائو اور ججز سے فیصلہ کروالو کہ فلاں کو اتنی سزا دینی ہے فلاں کو اتنی سزا دینی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اب فوج نے صحیح کام کرنا شروع کردیا تو یہ ان کے خلاف ہوگئے ۔

ان کو اپنی کرپشن کی فکر ہورہی ہے فریال تالپور اور آصف زرداری نے ایک ایک ارب روپے شہبازشریف نے دس ارب روپے اسحاق ڈار کے بیٹے نے دس ارب روپے اور نجم سیٹھی نے مجھے دس ارب روپے کے ہرجانے کے نوٹس بھجوائے ہیںان کے نزدیک اربوں روپے کوئی چیز ہی نہیں ہیں ۔ شریف خاندان کے لوگ مظلوم صورت بنالیتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا یہ آسکر ایوارڈ والی پروفارمنس کی کوشش کی جاتی ہے ۔

ن لیگ نے اپنی سیاست کا آغاز ضیاء الحق کی چھتری سے کیا اور پھر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر اپنے ہی وزراء اعظم کے خلاف سازشیں کیں کس کو معلوم نہیں ہے کہ 1990کے انتخابات میں حساس اداروں سے پیسے لیے بے نظیر بھٹو کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتمادکیلئے اسامہ بن لادن سے پیسے لیے اور 2013کے انتخابات میں سیکیورٹی اہلکاروں نے امیدواروں کو گنتی کے دوران جانے سے روکا اور ٹھپے پر ٹھپے لگائے گئے یہ ساری بات بھول گئے اور اب فوج سے گلہ کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی میں ایم آئی اور آئی ایس آئی کے نمائندوں نے صحیح کام کیا اور جب فوج نے صحیح کام کیا ہے تو یہ اس کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ اور جمہوریت کو تباہی کی طرف لے کر جارہے ہیں۔ ایک مجرم کو پارٹی کا صدر بنا دیا گیا ۔شریف خاندان کی کرپشن کو بچانے کیلئے ایسا ہوا ہے ۔

یہ اپنی کرپشن سے ڈرے ہوئے ہیں اور پاکستان کو یہاں لا کھڑا کیا ہے ۔جمہوریت کو مذاق بنا کر انہوںنے اسے ڈی ریل کردیا تاکہ قانون بے اثر ہوجائے ۔ انہوںنے کہا کہ شرم کا مقام ہے ایک مجرم کو پارٹی کا صدر بنایا جارہا تھا توسب نے ہاتھ کھڑے کردیئے۔شریف خاندان کی کرپشن نے ساتھ دینے والے اپنی کرپشن سے ڈرے ہوئے ہیں کہ کہیں وہ بھی نہ پکڑے جائیں ۔

فوج آئین اور قانون کے ساتھ کھڑی ہے جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے ہم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں انہوںنے کہا کہ اگر اپنی فوج کے ساتھ ہم نہیں کھڑے ہوں گے تو بھارت اس کی حمایت کرے گی تو کیا امریکہ اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ چوری بچانے کیلئے اپنے اداروں کو بدنام کیا جارہا ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ فوج روز اول سے ملک وقوم کیلئے کام کررہی ہے فاٹا سے لے کر اب تک جہاں جہاں فرائض انجام دیئے قربانیاں دیں ۔ فوج آئین اور قانون کے ساتھ کھڑی ہے اور سارا پاکستان اس کے شانہ بشانہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کارکنان تیار رہیں آنے والے دنوں میں فیصلہ کن (آخری)اسٹریٹ موومنٹ چلانی پڑے گی ۔

لگ رہا ہے کہ یہ مرحلہ آنے والا ہے دھرنے کے ذریعے ہمیں تحریک چلانے کا تجربہ ہوچکا ہے ہم نے لاٹھی چارج آنسوگیس اور دیگر حکومتی تشدد کا تجربہ ہوچکا ہے اب تو تشدد کا خلا ف ہماری خواتین کو بھی ن لیگ سے زیادہ تجربہ ہے ۔ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر احتساب میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی اور غیر قانونی حربے استعمال کئے گئے تو اور اتنی مخلوق کو اسلام آباد لے کر آئوں گاکہ کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ہوگی ۔