چیف جسٹس نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز کے معاملے پر ازخود نوٹس نمٹا دیا

 چیف جسٹس نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز کے معاملے پر ازخود نوٹس نمٹا دیا
کیپشن: خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز کے اجرا کا کام شروع ہو چکا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز کے اجراء میں مشکلات پر لیا گیا ازخود نوٹس نمٹا دیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز کے اجرا کا کام شروع ہو چکا ہے اور یونائیٹڈ نیشن ڈیویلپمنٹ پروگرام ( یو این ڈی پی) نے بھی قرار دیا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے خواجہ سراؤں کی ویلفیئر پالیسی بنائی۔

ڈاکٹر سہیل انور نے عدالت کو بتایا کہ یو این ڈی پی نے پاکستان کے اقدامات کو بہت سراہا ہے اور یو این ڈی پی کے مطابق پاکستان خواجہ سراؤں کی بہتری کا قانون بنانے والے 9 ملکوں میں شامل ہے۔

چیف جسٹس نے از خود نوٹس نمٹاتے ہوئے یو این ڈی پی کے پاکستان سے متعلق ریمارکس کو بھی آرڈر کا حصہ بنا دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی رپورٹ کو آرڈر کا حصہ بنایا جائے گا۔ صوبائی حکومتیں اس معاملے پر کام جاری رکھیں اور کمیٹی کی رپورٹ پر باقی صوبوں کو بھی عمل کرنا چاہیے۔