والد کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی :بلاول بھٹو

والد کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی :بلاول بھٹو

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت آصف زرداری کی صحت کو پارٹی پر دبا ﺅ بڑھانے کے لیے استعمال کررہی ہے۔


آصف زرداری کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کئے جانے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹروں نے آصف زرداری کی صحت سے متعلق متعدد رپورٹس دیں، جن میں آصف زرداری کوجیل میں طبی سہولیات اور اسپتال منتقل کرنے کی سفارشات موجود ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی بھی فرد جرم کے بغیر قید آصف زرداری طبی سہولیات کے منتظر ہیں، آصف زرداری کو فریج تک مہیا نہیں کیا گیا تاکہ وہ اپنی انسولین اور دیگردوائیں رکھ سکیں،آصف زرداری کو طبی سہولیات نہ دے کر بنیادی انسانی حق سے محروم کیا جارہا ہے۔

ریاست میرے والد کی صحت کو پارٹی پر دبا ﺅ بڑھانے کے لیےاستعمال کررہی ہے،اوچھے حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود اصول اور جمہوری جدوجہد پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، میرے والد کو کچھ ہوا تو میں اس حکومت کو ذمہ دار سمجھوں گا۔