متحدہ عرب امارات کے دبئی ایئرپورٹ پر 200 پاکستانی پھنس گئے

متحدہ عرب امارات کے دبئی ایئرپورٹ پر 200 پاکستانی پھنس گئے

دبئی :متحدہ عرب امارات کے دبئی ایئرپورٹ پر 200 پاکستانی پھنس گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایک سینئر سفارت کار نے کہا ہے کہ وزٹ ویزے پر متحدہ عرب امارات جانے والے تقریباً 200 پاکستانی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پھنس گئے ہیں اور قونصل خانہ ان کا مسئلہ حل کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔


خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں پاکستانی قونصل خانے میں ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند نے کہا ہے کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ تقریباً 200 پاکستانی دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ وہ پاکستان سے وزٹ ویزے پر آئے تھے۔ پاکستانی قونصل خانے کا عملہ اور افسر مسئلہ حل کروانے کے لیے ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔


گیان چند نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ تمام مسافروں کا تعلق لاہور سے ہے اور ان کے پاس وزٹ ویزا ہے۔ 'ہم اس معاملے میں جلد ہی ایک بیان جاری کریں گے اور مسافروں کے حوالے مزید تفصیلات بتائیں گے۔


تقریباً 15 لاکھ پاکستانی متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے متحدہ عرب امارات کے لیے ریجنل مینجر شاہد مغل نے کہا کہ فضائی کمپنی کے سٹیشن مینجر اور قونصل خانے کے حکام معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مسافر عام مزدور ہیں۔ 'چونکہ وہ وزٹ ویزے پر یہاں آ رہے ہیں اس لیے انہیں ضروری ہے کہ وہ ہوٹل بکنگ اور یہاں رہنے کے لیے ضروری رقم دکھائیں۔