مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور گرفتاریاں، معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور گرفتاریاں، معاملہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور: اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے اپنے کارکنوں کی گرفتاریوں اور پکڑ دھکڑ کو لاہور کی عدالت عالیہ میں چیلنج کر دیا ہے۔ درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی اور ہوم سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ درخواست مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اپنایا گیا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرانوالہ جلسے کی وجہ سے ناصرف کارکنوں کو پکڑا جا رہا ہے بلکہ راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ن لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاریاں روکنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب حکومت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں کورونا ایس او پیز کے تحت جلسے کی اجازت مشروط اجازت دیدی ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے لیگی قیادت کو بھی گرین سگنل دے دیا ہے۔ حالیہ اقدام کے بع لیگی قیادت نے بھی جی ٹی روڈ پر جلسہ کرنے کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے جناح سٹیڈیم میں جلسہ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

خبریں ہیں کہ انتظامیہ اور پولیس لیگی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ میں لگی ہوئی ہے۔ لاہور سے سینئر رہنما خالد ظہور، گوجرانوالہ میں سابق چیئرمین مظفر بٹ کے بیٹے، منڈی بہاءالدین سے (ن) لیگ گوجرانوالہ کے سینئر نائب صدر شفقت گوندل، مریدکے میں سابق لیگی ایم پی اے حسان ریاض سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

سرائے عالمگیر میں تندور، رینٹ اے کار، ہوٹلز اور پرنٹنگ پریس تین دن کیلئے بند کرا دئیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم کا جلسہ ناکام بنانے کیلئے انتظامیہ نے موٹروے بند کرنے کا بھی پلان تیار کر لیا ہے۔ لاہور میں جاتی امرا اور سالم انٹرچینج پر کنٹینرز پہنچا دئیے گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کو گرفتار کرکے تحریک کو نہیں روکا جا سکتا۔ 16 اکتوبر گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہونے جا رہا ہے۔ اگر عوام مہنگائی میں کمی، ادویات کی قیمتوں میں کمی اور کاروبار چلانا چاہتی ہے تو سب گوجرانوالہ چلیں۔

ادھر سٹی اور صدر ڈویژن میں بھی پولیس نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ کارکن، کونسلرز اور چئیرمین تک کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جن کی لسٹ تیار کر لی گئی ہے۔ پولیس نے سٹیج اداکار طاہر انجم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ پولیس نے ن لیگ کے سرگرم رہنما راؤ شہاب الدین، سابق جنرل کونسلر میاں کاشف کے گھر پر چھاپہ مارا۔ دو سابق کونسلرز اعجاز اور کاشف بالی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔