ماضی کی پالیسیوں کے باعث حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ

ماضی کی پالیسیوں کے باعث حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ماضی کی پالیسیوں کے باعث تحریک انصاف کی حکومت کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس جانا پڑا۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ لوگ ہمیں کہتے ہیں کہ ماضی کی بات نہ کریں لیکن سابقہ دور کی پالیسیوں کی وجہ سے ہی معیشت کو نقصان ہوا اور برآمدات کو بڑھانے کیلئے توجہ نہیں دی گئی۔ ماضی میں درآمدات بڑھنے سے ملکی صنعت کو نقصان ہوا۔ پچھلے 5 سال کے دوران ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا۔ اس ادوار میں ڈالر بڑھنے کی قدر صفر سے بھی کم تھی۔

ایک بیان میں مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو معیشت کو بہتر کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑے۔ ماضی کی پالیسی کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ ہم نے 5 ہزار ارب روپے قرض کی صورت میں واپس کرنے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ایسی پالیسی بنانا ہے جس سے بزنس مین کو برآمدات میں آسانی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں استحکام کیلئے حکومت بہتر پالیسیاں لا رہی ہے۔ حکومت بہتر پالیسیاں لا کر پرائیویٹ سیکٹر کو ملکی ترقی میں شامل کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کا کام اچھی پالیسی بنا کر نجی شعبے کو آگے لانا ہے۔ برآمدات پر تمام ٹیکسز ختم اور ریفنڈ کے نظام کو بہتر کیا۔ بجلی اور گیس پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا۔ حکومتی اخراجات کو کنٹرول کیا۔ کورونا سے پہلے ہماری کارکردگی کو دنیا نے سراہا۔ بلوم برگ نے ہماری سٹاک مارکیٹ کو تیز ترین سٹاک مارکیٹس میں شامل کیا۔