صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کورونا وائرس میں مبتلا، خود کو قرنطینہ کرلیا  

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کورونا وائرس میں مبتلا، خود کو قرنطینہ کرلیا  

لاہور: صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے فوری بعد انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی طبیعت گزشتہ شام سے ٹھیک نہیں تھی۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنا ٹیسٹ کروایا تو ان کے جسم میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی۔ اس کے بعد انہوں نے خود کو دوسروں سے آئسولیٹ کر لیا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے تمام احباب سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے۔ ترجمان صوبائی حکومت نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ جام کمال نے وزیر خزانہ ظہور بلیدی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد اپنا ٹیسٹ کرایا تھا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے خود کو گھر پر قرنطینہ کیا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور بلیدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے، اور وہ بھی اس وقت قرنطینہ میں موجود ہیں۔ ظہور بلیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جلد صحتیابی کے لیے دعاگو رہے۔ میں ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق قرنطینہ میں ہوں اور اللہ کا شکر ہے کہ صحتیابی کی جانب گامزن ہوں۔

اس سے قبل بھی متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی، فیصل ایدھی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور دیگر شامل ہیں۔