قومی ٹی ٹوئنٹی، پی سی بی کا کھلاڑی سے مشتبہ سٹے باز کے رابطہ کا انکشاف

قومی ٹی ٹوئنٹی، پی سی بی کا کھلاڑی سے مشتبہ سٹے باز کے رابطہ کا انکشاف

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے ایک کھلاڑی سے راولپنڈی میں ایک مشتبہ سٹے باز نے رابطہ کیا ہے۔

بورڈ نے اس کھلاڑی کا نام ظاہر کئے بغیر کہا کہ اس کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے تحقیقات کی اور تفصیلات سرکاری حکام سے شیئر کیں۔

اس رابطے کی اطلاعات کھلاڑی نے پی سی بی کے انسداد بدعنوانی اور سیکیورٹی کے ڈائریکٹر آصف محمود کو دی۔

عہدیدار نے بورڈ کے انسداد بدعنوانی کوڈ پر عمل پیرا ہونے اور سٹے باز کے حوالے سے اطلاع دینے پر کھلاڑی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے اس لیے حکام نے سٹے باز سے متعلق مزید تفصیلات دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ادھر پی سی بی حکام نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایک ذمہ دار ممبر کی حیثیت سے ایسے عناصر کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں آج دو میچ ہوں گے، سیمی فائنلز کے لیے ایک ٹیم کا انتخاب باقی ہے، سندھ ، خیبرپختون خوا اور ناردرن سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

آج راولپنڈی میں بلوچستان کی ٹیم ناردرن سے مقابلہ کرے گی، سندھ کا میچ سدرن پنجاب سے ہوگا۔ کل کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ناردرن کو پچیس رنز سے شکست دی، فاتح ٹیم کے اعظم خان نے 43 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی، سرفراز احمد نے 52 رنز بنائے۔

میچ میں سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 221 رنز بنائے، اعظم خان نے جاریحانہ 88 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان سرفراز احمد نے 52 رنز بنائے، جواب میں ناردرن کی 116 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ بھی ٹیم کے کام نہ آئی۔ سندھ نے با آسانی 25 رنز سے فتح حاصل کر لی۔