اسرائیل کو تسلیم کرو ،امریکہ نے سوڈان کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا

اسرائیل کو تسلیم کرو ،امریکہ نے سوڈان کو 24گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا

خرطوم:امریکہ نے سوڈان کو اسرائیل کے ساتھ روابط کی برقراری کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

سعودی میڈیا نے سوڈان کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ واشنگٹن نے سوڈان کو اسرائیل کے ساتھ روابط کی برقراری کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔سوڈان کے سرکاری ذرائع کے مطابق یہ الٹی میٹم امریکہ میں 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے قریب ہونے کی وجہ سے دیا گیا ہے۔

سوڈان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ سوڈان کو دہشتگردوں کی لسٹ سے نکالنے اور تعلقات کی برقراری کیلئے امریکہ اور سوڈان کے مابین مذاکرات تعطل سے دوچار ہوئے ہیں۔سوڈان گزشتہ ایک سال سے اس کوشش میں ہے کہ اس کا نام امریکہ کی بلیک لسٹ سے نکل جائے اور امریکہ اسے نام نہاد دہشتگردوں کی فہرست سے نکال دے۔

سوڈان پر اسرائیل کے ساتھ روابط کی برقراری کیلئے امریکا کا دبائو ایسے وقت  میں جاری ہے کہ جب سوڈان کی  مجمع فقہ اسلامی نے اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے روابط کی برقراری کو حرام قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت اور متحدہ عرب امارات اور بحرین نے 13 اگست کو باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے جس کی عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی۔