ملکی دولت لوٹنے والے صرف این آر او کی تلاش میں ہیں، وزیراعظم

ملکی دولت لوٹنے والے صرف این آر او کی تلاش میں ہیں، وزیراعظم
کیپشن: منی لانڈررز نے معیشت برباد کی اور ہم نے سنبھالا دیا، وزیراعظم عمران خان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والے صرف این آر او کی تلاش میں ہیں۔وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملکی قومی معاملات اور آئینی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ مشیر پارلیمانی امور نے وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن اور نئی قانون سازی پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ادارے قوم کو پیارے ہیں اور پاکستان کو استحکام کی راہ پر ڈال دیا ہے، منی لانڈررز نے معیشت برباد کی اور ہم نے سنبھالا دیا، قومی دولت لوٹنے والے صرف این آر او کی تلاش میں ہیں۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف بیانیہ کسی صورت ملکی و قومی مفاد میں نہیں، عوام ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں بھرپور دفاع کیا جائے گا اور بہتر معاشی اقدامات کے باعث حکومت درست سمت میں آگے بڑھ چکی ہے۔ درست پالیسیوں اور عوامی مفاد کی قانون سازی سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ نے ملاقات کیڈ اس ملاقات میں فلم اورڈرامہ انڈسٹری کے بحالی کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقعے پر اسلامی تاریخ پر مبنی فیچر فلمز اور ڈرامے مقامی سطح پر بنانے پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نوجوانوں کی مثبت اور تعمیراتی سرگرمیاں بڑھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیںڈ رواں ہفتے ٹائیگر فورس کے کنونشن میں نوجوانواں سے خطاب کریں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید اور ذیشان خانزادہ سے ملاقات کے دوران ملاقات میں سیاسی معاملات اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے پہلے دن ہی کہا تھا کہ لوٹ مار کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے۔ کچھ بھی ہو جائے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہو گی۔ یہ جلسے کریں یا دھرنے دیں انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا۔