حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان
کیپشن: رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں 31 اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق ڈیزل کی قیمت 104 روپے 6 پیسے فی لیٹر، پیٹرول 103 روپے97 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 65 روپے 29 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 88 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی کی شرح میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا تھا ۔ پٹرولیم لیوی میں کمی کر کے صارفین کو معمولی ریلیف دیا جانا تھا۔ 

اس وقت پٹرول پر 27 روپے 32 پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل پر 30 روپے فی لٹر اور مٹی کے تیل پر 11 روپے 43 پیسے فی لٹر لیوی عائد ہے۔ وزارت خزانہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری میں قیمتوں میں کمی کی سفارش کی گئی تھی۔ حکومت نے اس سے پہلے ماہ اگست کی پٹرولیم قیمتیں ہی ستمبر میں بھی برقرار رکھی تھیں۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 40 پیسہ کمی سے 104.06 روپے لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ پٹرول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ پٹرول 103.97 روپے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار ہے۔

مٹی کا تیل 65.29 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل بھی 62.86 روپے فی لیٹر پر ہی فروخت ہو رہا ہے۔