کورونا وائر س کی وجہ سے ٹی بی کے مریضوں کی اموات میں ریکارڈ اضافہ ، رپورٹ ڈبلیو ایچ او

کورونا وائر س کی وجہ سے ٹی بی کے مریضوں کی اموات میں ریکارڈ اضافہ ، رپورٹ ڈبلیو ایچ او

جنیوا : کورونا وائرس کے باعث ٹی بی کے مریضوں کی اموات میں ریکارڈ اضافہ ، عالمی ادارہ صحت نے صورتحال کو تشویشناک قرار دے دیا ۔ 

عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے ٹی بی کے خاتمے کی کوششیں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ٹی بی کے مریضوں کی ریکارڈ اموات ہوئی ہیں ۔ 

 عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر ٹی بی کی اموات میں ریکارڈ اضافہ ایک تشویشناک خبر ہے اورجلد ٹی بی کے خاتمے کی متاثر ہونے والی کوششوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا ۔ 

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر ٹی بی کے خلاف کوششیں متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ٹی بی کے مرض کی درست پیمانے پر تشخیص اور علاج نہیں ہوپارہا ۔  اس وقت دنیا میں تقریباً 41 لاکھ افراد ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہیں اور یہ تعداد 2019 کے ڈیٹا کے مطابق کافی زیادہ ہے۔ 2019 میں ٹی بی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کا تخمینہ 29 لاکھ لگایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں ٹی بی کی وجہ سے دنیا بھر میں 15 لاکھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں سے 2 لاکھ 14 ہزار افراد ایڈز کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔

عالمی ادارے کے مہیا کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2019 میں ٹی بی کی وجہ سے دنیا بھر میں 12 لاکھ اموات ہوئی تھیں جن میں سے 2 لاکھ 9 ہزار افراد ایڈز سے بھی متاثرہ تھے۔

ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ٹی بی سے ہلاکتوں میں اضافہ 30 ممالک میں دیکھا گیا ہے جہاں اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں ۔ رپورٹ میں اگلے چند ہفتوں میں ٹی بی کے خلاف کوششوں کا ازسرنوجائزہ لینے کے لئے عزم کا اظہار کیا گیا ہے ۔