واٹس ایپ نے بیک اپ کیلئے لامحدود سٹوریج آپشن ختم کرنے کی تیاری شروع کر دی

واٹس ایپ نے بیک اپ کیلئے لامحدود سٹوریج آپشن ختم کرنے کی تیاری شروع کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: باہمی روابط کیلئے دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گوگل ڈرائیو اور آئی کلاؤڈ میں بیک اپ کے لامحدود سٹوریج کے آپشن کو ختم کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ 
واٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ لامحدود سٹوریج ختم کرنے کا آپشن اینڈرائڈ اور آئی او ایس دونوں کیلئے ہے اور اس فیچر کو ”مینج بیک اپ سائز“ کا نام دیا جائے گا جسے بیٹا ورژن میں متعارف کرائے جانے کے بعد تمام صارفین کیلئے فراہم کر دیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ اینڈرائڈ سمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین واٹس ایپ بیک کیلئے گوگل ڈرائیو استعمال کرتے ہیں جبکہ آئی فون صارفین کا واٹس ایپ بیک اپ آئی کلاؤڈ میں محفوظ ہوتا ہے اور بیک اپ سائز کے حوالے سے کوئی حد نہیں تاہم اب لامحدود سٹوریج آپشن کو ختم کرکے صارفین کو گوگل ڈرائیو میں صرف 2 جی بی تک کا آپشن فراہم کیا جا سکتا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق صارفین اپنے واٹس ایپ کلاؤڈ بیک اپ کو پاس ورڈ یا 64 ہندسوں کی ”انکرپشن کی“ کیساتھ محفوظ کر سکتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ بیک اپ تک کسی بیرونی ہاتھ کی رسائی تقریباً ناممکن ہو جائے گی۔ 
واضح رہے کہ اینڈرائڈ صارفین کیلئے گوگل ڈرائیو میں واٹس ایپ چیٹ، تصاویر، ویڈیوز اور ڈاکیومنٹ بیک اپ محفوظ کرنے کا طریقہ سب سے آسان اور موثر طریقہ سمجھا جاتا ہے اور تقریباً تمام ہی صارفین اس آپشن کو استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس سے ناصرف واٹس ایپ کو ان انسٹال کر کے دوبارہ انسٹال کرنے بلکہ فون تبدیل کرنے کی صورت میں واٹس ایپ کا تمام تر ڈیٹا نئے فون پر منتقل کرنے میں بھی بے حد آسانی ہوتی ہے۔