وقار النسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا

وقار النسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا
کیپشن: وقار النسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا گیا
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقارالنسا یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے اور اس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیے جانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام شہروں میں یکساں ترقی کاعمل جاری ہے اور ہائرایجوکیشن کے بجٹ میں 286 فیصداضافہ کیا گیا ہے لیکن ہم بلند دعوے کرنے کے قائل نہیں ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہخواتین کی تعلیم پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب میں مجموعی طور پر 21 یونیورسٹیز قائم کی جا رہی ہیں جن میں سے 6 یونیورسٹیز تکمیل کے قریب ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صحت کے بجٹ میں 124 اور اسکولوں کے بجٹ میں 29 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور خواتین کو نہ صرف تعلیم بلکہ صحت کی سہولتیں بھی فراہم کر رہے ہیں جبکہ رنگ روڈ منصوبہ اور نالہ لئی منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 4 یونیورسٹیاں موجود ہیں اور حکومت پنجاب رواں سال 29 ہزار 142 اسکالرشپس دے گی جبکہ پنجاب میں مزید 9 یونیورسٹیوں کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔