مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو نمازیوں کیلئے مکمل کھولنے کا اعلان

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو نمازیوں کیلئے مکمل کھولنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی حکام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو نمازیوں کیلئے مکمل کھولنے کا  اعلان  کردیا ہے تاہم صرف وہی افراد حرمین شریفین میں داخل ہو سکیں گے جنہوں نے کورونا وائرس ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں۔ 


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام کو نمازیوں کیلئے مکمل طورپر کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے افراد حرمین شریفین میں داخل ہوسکتے ہیں جبکہ ماسک اور عمرہ ٹریکنگ ایپ کا استعمال بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 


سعودی حکام کا کہنا ہے کہ نئے قواعد و ضوابط کا اطلاق اتوار سے ہو گا جس کے بعد عمرے، مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبویﷺ کی زیارت کیلئے کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والوں اور توکلنا ایپلی کیشن میں ویکسین سے استثنیٰ کا سٹیٹس رکھنے والوں کو خصوصی اجازت نامے جاری کئے جائیں گے۔ 


رپورٹ کے مطابق ویکسین کی سنگل خوراک لینے والے ایسے افراد جنہیں عمرے، مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی ﷺ میں زیارت کیلئے پیشگی اجازت نامہ مل گیا ہو، ان کیلئے اجازت نامے کی منسوحی سے بچنے کیلئے پرمٹ کی تاریخ سے 48 گھنٹے قبل ویکسین کی دوسری خوراک لگوانا لازمی ہو گا۔ 


وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وبا کی صورتحال میں پیش رفت کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اور اقدامات کئے جاتے ہیں اور یہ مملکت کی پبلک ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے مشروط ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے مملکت میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی دو خوراکیں لازمی قرار دی گئی ہیں جبکہ وہ افراد جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کیلئے دوسری خوارک نہیں لی، توکلنا ایپلی کیشن پر ان کا سٹیٹس اپ ڈیٹ نہیں ہو گا جس کے باعث انہیں عمرہ کرنے کیلئے اجازت نامہ بھی جاری نہیں کیا جائے گا۔