کراچی ،ضمنی انتخابات کی تیاریاں تکمیلی مراحل میں داخل ہوگئیں

کراچی ،ضمنی انتخابات کی تیاریاں تکمیلی مراحل میں داخل ہوگئیں

  کراچی :ضمنی انتخابات کی تیاریاں تکمیلی مراحل میں داخل ہوگئیں ۔16 اکتوبر کو  صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک پولنگ  کا عمل جاری رہےگا ۔

الیکشن کمشن کے مطابق حلقہ  این اے 237 ملیر میں  پولنگ اسٹیشنز کی  مجموعی تعداد 194 ہے جن میں 748 پولنگ بوتھ ہونگے، 112   پولنگ اسٹیشنز  کو  انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے 190 پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں جبکہ دو ، دو  علیحدہ پولنگ اسٹیشن مرد اور خواتین کے  لئے بنائے گئے  ہیں۔

الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ ملیر کے  حلقہ   این اے 237  میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد  دو لاکھ 94 ہزار 699 ہے،  جن میں مرد ووٹرز کی تعداد  ایک لاکھ 65 ہزار 913 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد  ایک لاکھ 28 ہزار  786 ہے ، حلقے میں 11 امیدوار مدمقابل ہونگے۔ 

 دوسری جانب حلقہ این اے 239 کورنگی میں  ووٹروں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 888 ہے جن میں  مرد ووٹرز 3 لاکھ 10ہزار 704 اور   خواتین ووٹرز کی تعداد  2لاکھ 7ہزار  184 ہے ، مجموعی طور پر 330 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں  220پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں  جن میں سے  55پولنگ اسٹیشن  خواتین کیلئے اور  55 پولنگ  اسٹیشن مرد  وں کیلئے بنائے گئے ہیں  ، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں  کی تعداد 257 جبکہ 73 پولنگ اسٹیشن حساس ہیں ۔حلقہ این اے239 میں  22 امیدوار مد مقابل ہونگے ۔