حوثی باغیوں نے مکہ مکرمہ سمیت متحدہ امارات پر حملے کی دھمکی دے دی

حوثی باغیوں نے مکہ مکرمہ سمیت متحدہ امارات پر حملے کی دھمکی دے دی

ریاض:باغی حوثی ملیشیا کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے دھمکی دی ہے کہ آئندہ متحدہ عرب امارات کا کوئی بھی حصہ محفوظ نہیں ہوگا۔ امارات کا ہر علاقہ ہمارے میزائلوں کی دسترس میں آچکا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ حوثی باغیوں کے پاس ایسی جدید میزائل ٹیکنالوجی ہے جس کے ذریعے وہ شمال میں سعودی دارالحکومت ریاض اور جنوب میں مکہ مکرمہ تک مار کرسکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کو اپنے انجام بد سے نجات حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب کی پالیسیاں تبدیل کرانے کیلئے موثر کارروائی کرنا ہوگی۔ الحوثی نے جمعرات کو اپنے ٹی وی خطاب میں کہا کہ امارات اسی لمحے سے غیر محفوظ ملک ہوچکا ہے۔ کسی بھی وقت امارات پر میزائل داغے جاسکتے ہیں۔ ابوظبی ہمارے میزائل کی دسترس میں ہے۔ ماہ رواں کے دوران تجربہ کرلیاگیا ہے۔

الحوثی نے توجہ دلائی کہ ہمارا بحریہ کافی طاقتور ہے ، سعودی بندرگاہیں ہی نہیں بلکہ فلسطینی ساحلوں تک ہمارا بحریہ اقدام کرسکتا ہے۔ الحوثی نے یہ دھمکیاں ایسے ماحول میں دی ہیں جبکہ یمن کے باغیوں معزول علی صالح اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی نکتہ عروج کو پہنچی ہوئی ہے۔ فریقین ایک دوسرے کیخلاف مسلح محاذ آرائی کرنے لگے ہیں ، باغیوں کی شراکت خزاں کے پتوں کی طرح کسی بھی وقت اڑ سکتی ہے۔