کابل کرکٹ سٹیڈیم میں دھماکہ، عبدالرزاق نےوطن واپسی کا فیصلہ کرلیا

کابل کرکٹ سٹیڈیم میں دھماکہ، عبدالرزاق نےوطن واپسی کا فیصلہ کرلیا

کابل : پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر عبدالرزاق ان دنوں افغان کرکٹ لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔وہ اس ایونٹ میں شامل واحدپاکستانی  کھلاڑی ہیں کابل میں ہونے والے دھماکے کے بعد انہوں نے افغان کرکٹ لیگ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے اور جلد وطن واپس آنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 کابل میں کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے دھماکے کے بعد افغان کرکٹ لیگ پر چھائی بے یقینی مزید بڑھ گئی ہے۔متعدد غیر ملک کھلاڑی واپس جا چکے ہیں جن میں جنوبی افریقہ ، انگلینڈ اور  زمباوے کے کھلاڑی وطن واپس جا چکے ہیں۔جس وقت دھماکا ہوا اسٹیڈیم میں بوسٹ ڈیفینڈرز اور مس ایناک نائٹس کے درمیان مقابلہ ہورہا تھا۔اس واقعے میں خودکش حملہ آور کے علاوہ 2 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔

عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ جس وقت  خود کش حملہ ہوا میں اپنا میچ ختم کر کے ہوٹل میں موجود تھا جو اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے وقت دوسرا میچ جاری تھا اور ٹی وی پر یہ میچ دیکھ رہے تھے کہ اسی دوران دھماکے کی آواز سنائی دی۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد تمام کھلاڑی خوفزدہ ہو گئے تھے جس کے بعد انہوں نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔