شاہ محمود قریشی بطور وزیر خارجہ اپنے پہلے دورہ پر کابل پہنچ گئے

شاہ محمود قریشی بطور وزیر خارجہ اپنے پہلے دورہ پر کابل پہنچ گئے
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: نئی حکومت بننے کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے پہلے غیر ملکی دورہ پر کابل پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران افغان وزارت خارجہ میں پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ہوں گے جبکہ دو طرفہ تجارتی امور اور افغانستان پاکستان ایکشن پلان فارپیس اینڈ سٹیبلیٹی پر بھی بات ہوگی۔ مذاکرات میں جلال آباد قونصل خانے کی بندش کا معاملہ بھی زیرغور لایا جائے گا جبکہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے اور افغان مسئلے کے مستقل حل پر بات چیت ہوگی۔


مذاکرات میں سرحد پار دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ پر بات چیت کی جائے گی۔ دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وزیر خارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات طے ہے۔

افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے بھی پاکستانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی تھی۔ شاہ محمود قریشی افغان صدر کو وزیراعظم کی جانب سے پاکستان دورے کی دعوت دیں گے۔