پنجاب میں 9 اور 10 محرم الحرام کو رینجرز اور فوج طلب

پنجاب میں 9 اور 10 محرم الحرام کو رینجرز اور فوج طلب
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے صوبے کے 9 اضلاع کو انتہائی حساس قراردیتے ہوئے 9 اور 10 محرم الحرام کو رینجرز اور فوج طلب کر لی۔ اس کے ساتھ ہی جلوسوں کے روٹس پر آنےوالی ہرایمبولینس کی مناسب چیکنگ کا حکم دے دیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کے 9 انتہائی حساس اضلاع میں بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد ، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور راولپنڈی شامل ہیں جبکہ پنجاب میں 36ہزار 638مجالس میں سے 3ہزار 286 کو بھی انتہائی حساس قراردیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جانے کے ساتھ ساتھ 9ہزار 482 ماتمی جلوسوں میں سے ایک ہزار259 کوانتہائی حساس قراردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ جلوسوں کے روٹس پر آنےوالی ہرایمبولینس کی مناسب چیکنگ کا حکم دینے کے ساتھ محرم کی مجالس اور جلوسوں میں سبیل اور نیاز کے کھانے کی چیکنگ کابھی حکم دیا گیا ہے۔