اگر قوم میں اتفاق ہوا تو کالا باغ ڈیم بھی بنائیں گے، چیف جسٹس

اگر قوم میں اتفاق ہوا تو کالا باغ ڈیم بھی بنائیں گے، چیف جسٹس
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے اگر اتفاق رائے ممکن ہوا تو دیامیر بھاشا ڈیم کے بعد کالاباغ ڈیم بھی بنائیں گے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے انہیں کوئٹہ کے بارے میں پتا چلا کہ وہاں پانی کا مسئلہ تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے اور ہو سکتا ہے کہ لوگوں کو وہاں سے ہجرت کرنی پڑے۔

انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں پانی کی قلت کے مسائل سامنے آئے، پتا چلا کوئٹہ میں پانی کا مسئلہ اتنا سنگین ہو سکتا ہے کہ لوگوں کو ہجرت کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ جب میں نے پتا کرایا تو معلوم ہوا کہ پانی کا مسئلہ تو پورے ملک کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت ہو گی اس لیے پانی کی قلت کا واحد حل ڈیم کی تعمیر ہے۔

چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم ہی پاکستان کی بقاء کا ضامن ہے، اللہ کے گھر میں کھڑا ہو کر کہہ رہا ہوں کہ ہم نےکالاباغ ڈیم کو چھوڑا نہیں۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ڈیمز مہم کا آغاز کرنے سے پہلے انہیں پتا نہیں تھا کہ یہ ایک تحریک کی شکل اختیار کر جائے گی۔ چھوٹے بچوں نے بھی اس میں پیسے جمع کرائے ہیں، خواجہ سراؤں کی جانب سے ایک لاکھ روپے ڈیمز فنڈ میں دینے پر خوشی ہوئی۔