کراچی:بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوامی حکومت ملک کے مسائل کو حل کر کے ترقی کی راہوں پر گامزن کرسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت کے عالمی دن پر اپنے بیان کہاکہ جمہوریت ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جمہوریت کا مطلب طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، 1973 کے متفقہ دستور کا دوسرا نام جمہوریت ہے، عوام کی حقیقی منتخب حکومت کی عدم موجودگی جمہوریت نہیں کہلائے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حقیقی جمہوریتیں شہریوں کے ٹیکسز سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام ہی کے حقوق غضب کرنے پر نہیں لٹاتیں، ایک عوامی حکومت ہی پاکستان کے مسائل کو حل اور اسے ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے سیاسی، معاشرتی، معاشی، سفارتی اور دیگر محاذ پر جتنی پیشقدمیاں کیں وہ ملکی تاریخ کا روشن باب ہے، قائداعظم کے بعد قائدِ عوام نے پاکستان میں جمہوریت کی آبیاری کے لئے اقدامات اٹھائے۔