ماضی میں سارے فیصلے چھوٹے سے طبقے کیلئے کیے جاتے تھے، وزیراعظم

ماضی میں سارے فیصلے چھوٹے سے طبقے کیلئے کیے جاتے تھے، وزیراعظم
کیپشن: راوی ریور منصوبے میں نیا پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین نے ستر کروڑ لوگوں کو پہلے غربت سے نکالا اور آج پوری دنیا اس کی ترقی سے خوفزدہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ راوی ریور منصوبہ آسان نہیں بلکہ بڑا مشکل ہے اور نیا شہر بنانے میں رکاوٹیں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ راوی ریور منصوبے کی لاہور کو ضرورت ہے کیونکہ شہر کی چالیس فیصد کچی آبادی ہے۔ ان میں رہنے والوں کا کبھی کسی نے سوچا ہی نہیں اور سارے فیصلے چھوٹے سے طبقے کے لیے کیے جاتے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران مجھے اٹلی اور سپین کی طرح لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا گیا۔ جب میں نے پوچھا کہ کچی آبادیوں والوں کا کیا ہو گا تو کسی نے جواب نہ دیا۔ چھوٹا سا طبقہ کورونا کے دوران صرف اپنا سوچ رہا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کدھر ہے نیا پاکستان لیکن نئے پاکستان میں پہلی بار غریبوں کو ہیلتھ کارڈ دیئے گئے۔ کبھی کسی نے سڑکوں پر سونے والوں کیلئے نہیں سوچا تھا۔ ہم نے ان کیلئے پناہ گاہیں بنائیں جن کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ پہلے روٹی، کپڑا اور مکان ایک نعرہ تھا لیکن آج پہلی بار غریبوں کیلئے مکان بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ احساس پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ راوی ریور منصوبے میں نیا پاکستان کا تصور نظر آ رہا ہے۔

سابق حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کی ان لوگوں کی ترجیح راوی ریور منصوبہ نہیں بلکہ دولت بنانا تھا۔ ملک کو مقروض کر کے چلے گئے تو مشکلات تو آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں صاف پانی کا مسئلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ لاہور کا سارا سیوریج دریائے راوی میں آتا ہے۔ راوی کے پانی میں آرسینک ہے جس سے ہیپاٹائٹس کا مرض بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ ریور راوی منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور کوئی بھی مسئلہ ہو گا تو وفاق بھرپور مدد کرے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پودا بھی لگایا۔ قبل ازیں ایئرپورٹ پہنچنے پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔