افغان حکومت نے ایوی ایشن کے شعبے میں پاکستان سے مدد مانگ لی

افغان حکومت نے ایوی ایشن کے شعبے میں پاکستان سے مدد مانگ لی

کراچی : امارت اسلامی افغانستان کی وزارت شہری ہوابازی و ٹرانسپورٹ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے ) کو خط لکھا ہے اور پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔

افغان سول ایوی ایشن کی طرف سے یہ خط سیکرٹری پاکستان سول ایوی ایشن شوکت علی کو لکھا گیاہے۔ خط میں افغانستان کی قومی ائیر لائنز، آریانا افغان ائیر لائن اور کام ائیرکی پاکستان کیلئے شیڈول پروازوں کی اجازت طلب کی گئی ہے۔

خط کے مطابق افغانستان اور  پاکستان کے درمیان پروازوں کی اجازت دونوں ملکوں کے مابین ایم او یو کی بنیاد پر مانگی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں نے جاتے ہوئے کابل ایر پورٹ کی تنصیبات تباہ کردی تھیں مگر اب ہمارے قطری بھائیوں نے ائیر پورٹ بحال کردیا ہے۔ خط میں نئی افغان حکومت نے سول ایوی ایشن کے شعبہ میں پاکستان سے مدد کی بھی درخواست کی ہے۔