پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور ٹی 20 میں اچھا کھیلتی ہے: جوز بٹلر

پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور ٹی 20 میں اچھا کھیلتی ہے: جوز بٹلر

کراچی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور ٹی 20 میں اچھا کھیلتی ہے ۔ ورلڈکپ کی تیاری کیلئے ہمارے پاس اچھا موقع ہے ۔

نیوز کانفرنس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کر رہے ہیں ، پاکستانی لوگ کرکٹ سے بڑا پیار کرتے ہیں ۔ کوشش کریں گے لوگوں کے سامنے اچھا کھیل پیش کرسکیں ۔ پاکستانی ٹیم بہت اچھی اور متوازن ٹیم ہے ۔ اس لیے شائقین کرکٹ کو بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔

جوز بٹلر نے کہا کہ ہمارے لئے 7 ٹی 20 میچز ایک چیلنج ہیں ، ہر کھلاڑی کو اپنا ورک لوڈ مینج کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کبھی پاکستان میں نہیں کھیلا ، یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ نہیں ، جو کھلاڑی پی ایس ایل میں کھیلے ، ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کا پی ایس ایل میں شرکت کا تجربہ اچھا رہا ہے ۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے اہم کھلاڑی ان فٹ ہیں ، اس کے باوجود یہ سیریز ہمارے لئے بہت زیادہ اہم ہے ۔ انجری کی وجہ سے ابتدائی میچز نہیں کھیل پاؤں گا ۔ لیونگسٹن اور بیئرسٹو کو مس کریں گے ۔ ہمارے پاس نوجوان کھلاڑی ہیں جو پاکستان کیخلاف کھیلنے کیلئے بے تاب ہیں ۔ ایلکس ہیلز بہت عرصے بعد انگلش ٹیم میں واپس آئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ اس وقت سیلاب سے لڑ رہے ہیں ، کوشش ہے اپنی کرکٹ سے سیلاب متاثرین کو خوشی دیں ، انگلش بورڈ بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرے گا ۔

مصنف کے بارے میں