شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا

شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ شہباز گل کی ضمانت آج ہائیکورٹ نے منظور کی تھی۔ 

نیو نیوز کے مطابق شہباز گل کی روبکار اڈیالہ جیل پہنچی جس کے بعد انہیں جیل سے ایک ماہ بعد رہا کردیا گیا ۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ 

دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ شہباز گل نے بات ایک نیوز چینل پر کہی تھی، وہ نیوزچینل ملک کا ہر دوسرا شہری دیکھ رہا تھا، آرمڈ فورسز میں بھی نیوز چینل دیکھا جاتا ہے، یہ بات بغاوت پر اکسانے کا الزام ثابت کرنے کیلئے کافی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شہباز گل کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض شہباز گل کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔

مصنف کے بارے میں