شعیب ملک ورلڈ کپ کیلئے ہمارے پلان کا حصہ نہیں تھے: محمد وسیم 

شعیب ملک ورلڈ کپ کیلئے ہمارے پلان کا حصہ نہیں تھے: محمد وسیم 
سورس: PCB

لاہور : چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم محمد وسیم نے کہا ہے کہ شعیب ملک کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی وہ ورلڈ کپ کے لیے ہمارے پلان کا حصہ نہیں تھے۔  ایک دو میچ کی بنیاد پر ٹیم کی کارکردگی اور وننگ کامبی نیشن پر سوال نہیں اٹھانا چاہیے، ہم سب ایک ہی پیج پر ہیں اور سب کی مشاورت سے ٹیم کا انتخاب کریں گے۔

ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیم کے اعلان کے موقع پر محمد  وسیم نے کہا کہ  آپ ایک آدھ میچ کی پرفارمنس دیکھ رہے ہیں لیکن اسی ٹیم سے ہم نے ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلا، ایشیا کپ کا فائنل کھیلا اور گزشتہ 13 میں سے نو میچز جیتے ہیں۔

ورلڈ کپ کے لیے شعیب ملک کو مڈل آرڈر بلے باز کے طور پر اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ کپ سے شروع ہوا تھا تو جو کھلاڑی ٹیم میں نظر نہیں آ رہے وہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے اس پورے عرصے کے دوران نہیں کھیلے ہیں، تو ہم اپنے ٹریک پر تھے کہ جو لڑکے ہم نے تیار کیے تھے اور جو ہمارے ساتھ چلتے آ رہے ہیں انہوں نے ہمیں میچز جتوائیں ہیں لہذا ہمارا انہیں پر اعتماد تھا۔

ٹاپ آرڈر کی سست بیٹنگ کی وجہ سے میچ ہارنے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے بیٹنگ اسٹائل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے انڈیا سمیت بڑی ٹیموں کو ہرایا تھا کہ اسی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کی وجہ سے ہرایا تھا لہٰذا یہ کہنا نامناسب ہو گا کہ ہم ان کی وجہ سے میچز ہار رہے ہیں کیونکہ ان کی وجہ سے ہم میچز زیادہ جیتے ہیں، ایک بری کارکردگی کی بنا پر پوری حکمت عملی کو رد نہیں کر سکتے۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ  اگر آپ یہ کہیں کہ ہماری اوپننگ جوڑی ہماری ٹیم کی کمزوری ہے تو یہ زیادتی ہو گی کیونکہ اس وقت دنیا میں بہترین اوپننگ جوڑا ہمارا ہی ہے، یہ تمام فتوحات جو ہمیں ملی ہیں اس میں اکثر کردار اسی جوڑے کا ہے۔

مصنف کے بارے میں