چاروں صوبوں کے مختلف علاقوں میں برسنے والی بارش سے موسم خوشگوار

چاروں صوبوں کے مختلف علاقوں میں برسنے والی بارش سے موسم خوشگوار

لاہور: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان،جہلم، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور جہلم میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ خیبرپختونخوا میں پشاور، مانسہرہ، بٹگرام، ضلع لوئر دیر، دیر بالا، سوات اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ کوہستان اور تور غر میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پانچ سال میں 37 لاکھ 28 ہزار 330 پاکستانی روزگار کیلئے باہر گئے

بلوچستان میں کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی برسات ہوئی ہے جب کہ ضلع نوشکی اور قریبی پہاڑوں پر گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث خیصار ندی میں سیلابی ریلہ آ گیا جس کے بعد شہر کا کلی شریف خان، کلی صاحبزادہ، کلی جمالدینی سمیت مختلف دیہات سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

کشمیر میں وادی نیلم کے اٹھ مقام سمیت شاردہ کیل، بالائی وادی نیلم،  پیرنسوڑہ، جند روٹ، نکیال غربی، پیر کلنجر اور ترکنڈی کے گرد و نواح میں بارش اور پہاڑیوں پر برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، پنجاب، ژوب، خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید پڑھیں:  پنجاب کی 39 پبلک لمیٹڈ کمپنیوں نے ریکارڈ نیب کو فراہم کر دیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور اندرون سندھ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں