فضل الرحمان سب کے ساتھ فٹ ہو جاتے ہیں، وہ میرے ساتھ نہیں ہوسکتے: عمران خان

فضل الرحمان سب کے ساتھ فٹ ہو جاتے ہیں، وہ میرے ساتھ نہیں ہوسکتے: عمران خان
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

مردان: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جو بھی اقتدار میں آتا ہے مولانا فضل الرحمان اس کے ساتھ فٹ ہو جاتے ہیں، وہ میرے ساتھ فٹ نہیں ہوسکتے۔

مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی اور کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ شامل نہیں ہو سکتے۔ جو بھی حکومت میں آتے ہیں فضل الرحمان ان کے ساتھ مل جاتے ہیں۔ پرویز مشرف، زرداری، نواز شریف سمیت فضل الرحمان سب کے ساتھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ 29 اپریل کو مینار پاکستان پر ہوگا۔ ہم نے پاکستان کی جمہوریت کیلئے اسلام آباد میں 126 دن کا دھرنا دیا۔ اسفندیارولی، اچکزئی، زرداری، نواز شریف بھی کہتے ہیں وہ جمہوریت بچا رہے ہیں۔ ملک کے سارے لٹیرے اکٹھے ہوگئے ہیں، یہ لٹیرے اداروں پر حملہ کر رہے ہیں، یہ لٹیرے عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے ہیں۔ یہ لوگ پاناما جے آئی ٹی ممبران کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، واجد ضیا آپ گھبرانا نہیں، پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔ قوم اپنی عدلیہ اور انصاف کیساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیراعظم بنے ہیں 4 بار نااہل ہوئے، پھر بھی پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا، میاں صاحب ! آپ 300 ارب روپے چوری کرکے باہر لے گئے اس لیے آپ کو نکالا۔ قوم خوش ہے عدلیہ نے طاقتور وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ بینظیر کی دونوں حکومتوں میں زرداری وزیراعظم ہاؤس میں رہے جب حکومتیں گئی تو زرداری جیل گئے۔ شہباز شریف کے ساتھ سب سے زیادہ پروٹوکول کی گاڑیاں ہوتی ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج کے گھر پر گولیاں چلائی گئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نہ کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔ قوم سے پیسہ اکٹھا کروں گا کبھی کسی سے قرضا نہیں لوں گا بھیک نہیں مانگیں گے۔

مزید پڑھیں: امریکہ پاکستان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتا ہے: عمران خان