سعودی حکام نے عمرہ زائرین کیلئے نیا اعلان کر دیا

سعودی حکام نے عمرہ زائرین کیلئے نیا اعلان کر دیا

فوٹو فائل

ریاض:سعودی  حکام نے کہا ہے کہ عمرے کے ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد ملک میں غیر قانونی قیام کرنے والوں کو 50 ہزار ریال جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا دی جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمرے کے ویزے پر آنے والوں کو چاہیے میعاد ختم ہونے سے قبل واپس چلے جائیں، انہیں یہاں قیام یا کام کرنے کی اجازت نہیں تاہم ویزے کی مدت کے دوران انہیں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ جانے کی اجازت ہے البتہ کسی چوتھے شہر جانے کی اجازت نہیں۔

محکمے نے اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال رواں یکم محرم سے 5 رجب تک 39 لاکھ 25 ہزار 210 معتمرین بری، بحری اور فضائی راستوں سے ارض مقدس آئے ہیں۔دوسری طرف سعودی وزارت محنت و سماجی فروغ کی تفتیشی ٹیموں نے 1831 تفتیشی دورے کر کے سعودائزیشن کی 197 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔ 51 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ 48 تارکین گرفتار کیے گئے جو اقامہ ولیبر قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔