شہباز شریف کا سرکاری اور نجی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ

شہباز شریف کا سرکاری اور نجی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ
کیپشن: image by facebook

لاہور : قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے حکومت سے بڑا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور افراط زر کے پیش نظر ملازمین کی کم ازکم تنخواہ 18 ہزار روپے کی جائے۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی میں ریکارڈ اضافے اور رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر حکومت تنخواہیں بڑھائے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر تین ہزار روپے اضافہ کیا جائے۔ یہ اضافہ سرکاری اور نجی تمام ملازمین اور پنشنرز کو دیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

قائد حزب اختلاف نے مطالبہ کیا ہے کہ ایک لاکھ روپے تک ماہانہ کمانے والوں کی تنخواہ میں 20 فیصد فوری اضافہ کیا جائے۔ یہ اضافہ نجی اور سرکاری دونوں شعبوں کے ملازمین کو دیا جائے۔

شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی اور افراط زر کی شرح ہمارے دور میں 47 سال میں کم ترین تین فیصد تھی لیکن آج مہنگائی اور افراط زر کی شرح 9.4 فیصد ہوچکی ہے۔ ان حالات میں غریب اور تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کے بوجھ تلے پس چکا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر فوری ریلیف نہ دیا گیا تو عوام کے لئے ماہ صیام گزارنا ممکن نہیں ہوگا۔ حکومت غریب، مزدور اور تنخواہ دار مڈل کلاس طبقات کا احساس کرے اور بے حسی کا مظاہرہ نہ کرے۔