آئی ایم ایف سے بہت بڑا ریلیف ملنے کی امید ہے، وزیر خارجہ

آئی ایم ایف سے بہت بڑا ریلیف ملنے کی امید ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے بہت  بڑا ریلیف ملنے کی امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عالمی دنیا اور اقوام متحدہ سے مخاطب ہوئے جس میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی معیشت کورونا سے متاثر ہو چکی ہے اور کورونا وائرس نے دنیا بھر کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ایکسپورٹس متاثر ہوئی ہیں اور وزیراعظم کا موقف تھا کہ کورونا سے ترقی پذیرملک زیادہ متاثرہوں گے، وزیراعظم نے کہا جانتا ہوں کورونا سے پاکستان کی معیشت پر کیا اثر ہو گا اور ترقی پذیر ممالک کی آمدن کم اور اخراجات بڑھ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا ترقی پذیر ممالک کی قرضوں میں ریلیف کی شکل میں مدد کرسکتی ہے اور قرضوں میں ریلیف سے ترقی یافتہ ممالک کو بھی فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ میں متعلقہ وزرا حماد اظہر، حفیظ شیخ  اور اسد عمر کو دعوت دے کر مؤثر حکمت عملی بنائی اور منصوبہ بنا کر وزیر اعظم عمران خان سے بات کی جس پر وزیر اعظم نے کہا رسک ہے لیکن ہمیں یہ قدم اٹھانا چاہیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم  نے 12 اپریل کو اپنی اپیل کا آغاز کیا تھا جسے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بھی سراہا جبکہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے بھی وزیر اعظم کی اپیل کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پسے ہوئے طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے چوتھا عالمی قدم اٹھایا ہے۔ قرضوں میں ریلیف کا عمل یکم مئی سے نافذ العمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے دی جانے والی رعایت کا اطلاق پاکستان سمیت 70 ممالک پر ہو گا اور جلد آئی ایم ایف سے بہت بڑا ریلیف پاکستان کو ملنے کی امید ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ریلیف ایک سال کے لیے دیا گیا ہے۔