فضل الرحمن اور نواز شریف ٹیلی فونک رابطہ،پی ڈی ایم کو متحد رکھنے پر اتفاق

فضل الرحمن اور نواز شریف ٹیلی فونک رابطہ،پی ڈی ایم کو متحد رکھنے پر اتفاق
کیپشن: فضل الرحمن اور نواز شریف رابطہ،پی ڈی ایم کو متحد رکھنے پر اتفاق
سورس: file

اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواہے۔نوازشریف نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کا معاملہ مولانا پر چھوڑ دیا۔

نیوز نیوز کے مطابق  سابق وزیراعظم نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو رمضان کی مبارکباد بھی دی۔نوازشریف نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کا معاملہ مولانا پر چھوڑ دیا۔

نوازشریف نے کہا کہ آپ پرپوری طرح اعتماد ہے ہم اب بھی پی ڈی ایم کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے موقف اختیار کیا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہیں ہونی چاہیے۔

نوازشریف نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے بیان کی وضاحت کر چکے ہیں۔فضل الرحمان نے جواب دیا کہ پی ڈی ایم کو متحد رکھنے کےلیے پیپلز پارٹی کی قیادت سے وہ رابطے میں ہیں ۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پی ڈی ایم میں اختلاف کھل کر سامنے آگئے تھے اور پی پی پی نے پی ڈی ایم کا فیصلہ نہ مانتے ہوئے سینیٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر مقرر کروالیا۔اے این پی نے بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا تھا اس پرپی ڈی ایم کی طرف سے پیپلز پارٹی اور اے این پی سے وضاحت طلب کی گئی۔

دونوں پارٹیوں نے وضاحت طلب کرنے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد سے استعفے دے دیے تھے۔اے این پی اور پیپلز پارٹی کے بغیر پی ڈی ایم کا اجلاس ہواجس میں دونوں پارٹیوں کو واپسی کے لیے ایک موقع دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔