شیخ رشید نے سوشل میڈیا بند کرنے پر معافی مانگ لی

شیخ رشید نے سوشل میڈیا بند کرنے پر معافی مانگ لی
کیپشن: شیخ رشید نے سوشل میڈیا بند کرنے پر معافی مانگ لی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملک بھر میں سوشل میڈیا بند کرنے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں دہشت وانتشار اور سوشل میڈیا کے ذریعے بے چینی پھیلانے والوں کو شکست ہوئی۔

اپنے ویڈیو بیان میں وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں معذرت خواہ ہوں کہ ہم نے ملک بھر میں 3 گھنٹے کے لیے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا بند کیا کیوں کہ ان کی کال ایسی تھی کہ شاید یہ جمعہ کی نماز کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم آئندہ سوشل میڈیا بند نہیں کریں گے، آج سوشل میڈیا بند کرنے سے پورے ملک میں جمعہ پرسکون گزرا، تحریک لبیک والے پاکستان کے کسی کونے سے بھی باہر نہیں نکلے، میں پاکستان کی پولیس اور رینجرز سمیت پنجاب اور کراچی کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ آج ملک میں دہشت وانتشار اور سوشل میڈیا کے ذریعے ملک میں بے چینی پھیلانے والوں کو شکست ہوگئی، آگے سے کوشش کریں گے کہ سوشل میڈیا کی بھی تکلیف نہ ہو اور ملک میں انتشار پھیلانے والے، آکسجین سلینڈر کی گاڑیاں اور ایمبولینس روکنے والے، اور عام لوگوں کے نقل وحمل میں رکاؤٹ ڈالنے والوں کو شکست ہوگئی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے تحریک لبیک کی جماعت کو کالعدم قرار دے دیا ہے، ان کے بینک اکاؤنٹس بھی بند کریں گے اور ان کے پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ ریکارڈ میں لائیں گے، کسی صورت بھی ملک میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے حکومت نے 11 سے 3 بجے تک ملک میں سوشل میڈیا پر عارضی پابندی لگائی تھی اور اس حوالے سے پی ٹی اے کو سوشل میڈیا سائٹس بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔