جنوبی افریقہ کیخلاف جیت ملنے کی اصل وجہ کیا ہے؟ بابراعظم نے بتا دیا

جنوبی افریقہ کیخلاف جیت ملنے کی اصل وجہ کیا ہے؟ بابراعظم نے بتا دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سینچورین: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا اور یہ پوری ٹیم کی کوشش ہے جس پر بہت زیادہ خوش ہوں۔ 
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف فیصلہ کن ٹی 20 میچ اور سیریز میں فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ سیریز کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ (سی ایس اے) مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن میچ میں ابتدائی کھیل کے بعد درمیان میں پارٹنرشپ درکار تھی جو نہیں لگ سکی لیکن اگر باؤلرز کی بات کی جائے تو انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ محمد رضوان اور فخر زمان نے اچھا کھیل پیش کیا، جنوبی افریقہ میں سیریز جیت کر بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ اس سے ٹیم کو کافی اعتماد ملتا ہے، کوشش کریں گے کہ پروٹیز کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں کی گئی غلطیوں پر کام کرتے ہوئے اپنی خامیوں پر قابو پائیں۔ 
 بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے دورے میں مختلف کمبی نیشن بھی آزمائے اور پوری کوشش کریں گے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ہمارا کمبی نیشن فائنل ہوجائے تاکہ میگا ایونٹ میں بھرپور کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹرافی جیتیں۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو چوتھے اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر ناصرف میچ جیتا بلکہ چار میچز پر مشتمل سیریز بھی 1-3سے اپنے نام کر لی ہے۔