’شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا جائے‘ شاہد آفریدی کا مطالبہ

’شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا جائے‘ شاہد آفریدی کا مطالبہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے قومی ٹیم میں سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کی شمولیت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مڈل آرڈر طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں پاکستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف فتح کے بعد جاری کئے گئے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں لیکن اس جیت کے باوجود مڈل آرڈر پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ پاکستان ٹیم مڈل آرڈر میں کافی عرصے سے مشکلات کا شکار ہے جسے مضبوط کرنے کیلئے شعیب ملک کو ایک بار پھر ٹیم میں شامل کرنے پرغور کیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے چوتھے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں پر مشتمل سیریز بھی جیت لی۔ 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور فخر زمان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 90 سے زائد رنز جوڑ کر میچ یکطرفہ بنا دیالیکن اس موقع پر ایک ہی اوور میں دونوں پویلین لوٹ گئے۔ 
بابراعظم اور فخر زمان کے آﺅٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کا مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور یکے بعد دیگرے گرنے والی وکٹوں کے باعث قومی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی، آصف علی، محمد حفیظ اور فہیم اشرف ناکامی سے دوچار ہوئے تاہم محمد نواز نے 21 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رنز کی اننگز کھیلی اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو جیت دلا دی۔