ٹی 20 ورلڈ کپ، بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے دینے کی منظوری دیدی

ٹی 20 ورلڈ کپ، بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے دینے کی منظوری دیدی

لاہور: ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو ویزے دینے کی منظوری دیدی۔ ورلڈ کپ کی کوریج کیلئے صحافیوں کو بھی بھارتی حکومت ویزے جاری کریگی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپیکس کونسل کو اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے جبکہ شائقین کرکٹ کی بھارت آمد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

 چند روز قبل چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بی سی سی آئی کو  خط لکھا تھا جس کے جواب میں ان  کو بتایا گیا کہ بھارت نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کے اجراء کی منظوری دے دی ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ رواں سال میں اکتوبر نومبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا ۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا اگر نئی دہلی نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزوں اور حفاظتی انتظامات کے بارے میں یقین دہانی نہ کرائی تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کریں گے۔

 دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں کورونا کے باعث میزبان ٹیموں کو لوکل امپائر کی تعیناتی کا فیصلہ برقرار رکھا گیا تھا۔ تمام فارمیٹس کی دونوں اننگز میں اضافی ڈی ایس آر ری ویو کی بھی اجازت دی گئی تھی۔ گیند کو پالش کرنے کے لئے تھوک کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی۔ ٹیسٹ میچوں میں کووڈ متبادل پلیئرز کی دستیابی کی بھی اجازت برقرار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کے معاملے پر پاکستانی تشویش پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے معاملات خوش اسلوبی سے حل کیے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے جواب کے بعد اب یہ معاملہ آئی سی سی میٹنگ میں اٹھایا جائے گا، آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 31 مارچ اور یکم اپریل کو شیڈول ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے انتباہی میں کہا تھا کہ 31 مارچ تک ہمیں یقین دہانی نہ کرائی گئی تو آئی سی سی سے احتجاج کریں گے اور عالمی ایونٹ کو بھارت کی بجائے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کروانے کا مطالبہ کریں گے۔