روہنگیائی مسلمان مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے پر اقوام متحدہ کا اظہارتشویش

روہنگیائی مسلمان مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے پر اقوام متحدہ کا اظہارتشویش

نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے بھارت کی جانب سے روہنگیائی مسلمان مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کے مرکز میں انتونیو گوٹریس کے نائب ترجمان فرحان حق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کے ساتھ سلوک کے حوالے سے ہمارے تحفظات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ایک دفعہ مہاجر کے طور پر کوئی رجسٹر ہوتا ہے تو انھیں اس ملک میں واپس نہیں بھیجا جاسکتا جب تک ان کے لیے وہاں پر ظلم کا خطرہ موجود ہو۔ میانمار سے ہزاروں روہنگیا مسلمان1990کی دہائی سے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کررہے ہیں جبکہ بڑی تعداد ایک غیرمحفوظ سرحد سے بھارت بھی پہنچتی ہے اوربھارت نے اعلان کیا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یواین ایچ سی آر اس معاملے کو ہندوستان کی حکومت کے ساتھ اٹھائے گا اور ہندوستان کو مہاجرین کے حوالے سے اقوام متحدہ کی پوزیشن کی یاد دہانی کرادی۔فرحان حق کا کہنا تھا کہ اصولوں کے مطابق مہاجرین کو ایسی جگہ واپس نہیں بھیجا جاسکتا جہاں ان کی زندگی اور آزادی کو مذہبی، قومیت، کسی خاص سماجی گروپ کی رکنیت یا سیاسی نظریات کے معاملات پر خطرات لاحق ہوں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں